اسلام آباد: پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے کڑی تنقید کی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان تحریک انصاف کی جانب سے چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع پر ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں اداروں کی جو تباہی ہو رہی ہے، ججز تقرری آئینی ترامیم اسی روایت کا تسلسل ہے، حکومت نے پچھلے دو برس میں ہر وہ فیصلہ کیا ہے جس سے آئین و قانون کی بالادستی کو نقصان پہنچتا ہے اور ادارے کمزور ہوتے ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ موجودہ حکمران اداروں کو اس لیے کمزور کرتے ہیں تاکہ اپنے غیر قانونی اور غیر آئینی ایجنڈے کو آگے بڑھا سکیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنی مدت ملازمت کے پورے عرصے کے دوران بطور چیف جسٹس جو طرزِ عمل اختیار کیا ہے وہ آئین و قانون کے حوالے سے نہایت افسوس ناک اور قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آئین و قانون کی بالادستی پر سمجھوتا کر کہ اپنے منصب کی وقعت کو کم کیا ہے۔ قاضی فائز عیسیٰ نے عدلیہ کی آزادی میں ماورائے دستور اور ماورائے جمہوریت قوتوں کا دروازہ کھولا ہے، جس کے بھیانک اثرات دوررس ہوں گے۔
ردعمل میں پی ٹی آئی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع نہایت شرمناک اور قابلِ مذمت ہے۔ پاکستان کا دستور ایسے کسی بھی مخصوص شخص کے لیے آئین میں ترامیم کی اجازت نہیں دیتا ،قانون سازی ہمیشہ ان موضاعات پر کی جاتی ہے جہاں اجتماعی مفاد ہو۔ پی ٹی آئی اس ترامیم کی ہر قانونی اور جمہورتی طریقے سے مخالفت کرے گی اور اس کا راستہ پارلیمان میں بھی روکے گی۔