لاہور: آل پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن نے 8 مئی کو پنجاب اور خیبرپختونخواہ ( کے پی کے ) میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر آل پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن شفیق قریشی نے پنجاب اور کے پی کے کے عہدے داروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے چوتھے روز اچانک روٹی سستی کرنے کا حکمنامہ جاری کر دیا گیا جبکہ گیس کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں، 8 مئی کو نانبائی شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے راولپنڈی ہائی کورٹ میں درخواست بھی دے رکھی ہے ، اگر انصاف نہ ملا تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا،عوام کو ریلیف حکومت دیتی ہے تندور والا کیسے دے؟ میدے کے ریٹ کم نہیں ہوئے مگر نان سستا کر دیا گیا، حکومتی حکمنامے پر عمل کے باوجود کریک ڈاون جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کو تیار ہیں مگر حکومت بھی ہمارے ساتھ تعاون کرے، دونوں صوبائی حکومتیں ایک دوسرے سے بازی لے جانے کے چکر میں ہم نان بائیوں کی زندگی عذاب بنارہے ہیں۔