ٹی 20 ورلڈ کپ:پاکستان اور بھارت کے سیمی فائنل تک نہ پہنچنے کی پیش گوئی

550

لندن:ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے سیمی فائنل تک نہ پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سابق انگلش کپتان  مائیکل وان نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس  (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں پیش گوئی کی ہے کہ رواں برس ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت میگا ایونٹ کے سیمی فائنل تک نہیں پہنچ سکیں گے۔

کمنٹیٹر مائیکل وان  نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں 2024ء میں ہونے والے ٹی 20 عالمی کپ کے حوالے سے اپنی پیش گوئی کے مطابق ٹاپ 4 ٹیموں کا ذکر کیا ہے، جس میں انہوں نے میزبان ملک ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، ساؤتھ افریقا اور آسٹریلیا کے بارے میں کہا ہے کہ یہ چار ٹیمیں ممکنہ طور پر عالمی ایونٹ کا سیمی فائنل کھیلنے کے لیے مضبوط پوزیشن پر ہیں۔

انہوں نے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں  ان کی بتائی ہوئی 4 ٹیمیں ممکنہ طور پر بہتر پوزیشن پر ہونے کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا میگا ایونٹ کے سیمی فائنل تک پہنچنا مشکل ہوگا اور یہ دونوں اس سے پہلے ہی اس دوڑ سے آؤٹ ہو چکی ہوں گی۔