شہید کانسٹیبل اسماعیل رئوف کی نمازجنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ادا 

245

راولپنڈی: شہید کانسٹیبل اسماعیل رئوف کی نمازجنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا کر دی گئی، پولیس کے چاق وچوبند دستوں نے شہید کانسٹیبل کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، نماز جنازہ میں ایس ایس پی آر آئی بی عارف شہباز خان، ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ(ر)حافظ کامران اصغر، پاک آرمی، سول انتظامیہ اور لواحقین کے ساتھ پولیس افسران و جوانواں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کانسٹیبل کا جسد خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقہ تھانہ چونترہ (ڈھولیال) روانہ کر دیا گیا، شہیدکانسٹیبل اسماعیل رئوف گزشتہ روز مری روڈ پر نامعلوم کار سوار ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے جبکہ کانسٹیبل عاصم فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔

شہید کانسٹیبل اسماعیل رئوف نے سوگواران میں والدہ، بیوہ اور دو بیٹوں کو چھوڑا ہے ۔ ایس ایس پی آپریشنزفلائٹ لیفٹیننٹ(ر)حافظ کامران اصغر نے کہا کہ شہید کی لازوال قربانیاں محکمہ کے لئے عزت و تکریم کا باعث ہیں، شہدا پولیس ہمارے محسن ہیں جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،شہید کے اہل خانہ ہماری فیملی کی طرح ہیں، ہم ہر موقعہ، ہر گھڑی شہدا کی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 شہید کانسٹیبل اسماعیل رئوف نے جرائم پیشہ عناصر سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی، شہید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،راولپنڈی پولیس کے 117 افسران فرض کی راہ میں اپنی جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کر چکے ہیں، راولپنڈی پولیس جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کے دوران کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔