اسلام آباد: عمران خان نے پارٹی قیادت کو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ساتھ سیاسی پارٹیوں سے بھی مذاکرات کی اجازت دے دی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو دیگر سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے آمادگی کا اظہار کیا گیا ہے، پی ٹی آئی ہنما شبلی فراز نے بانی چیئرمین کی جانب سے مذاکرات کی اجازت دیے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔
ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم کی جانب سے بات چیت کے لیے شرط بھی رکھی گئی ہے، جس کے مطابق مذاکرات آئین اور قانون ہی کے مطابق کیے جائیں گے۔
اسٹیبلشمنٹ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے عمران خان کی ہدایات ہیں کہ بات چیت سے پہلے ٹی او آرز طے کرلیے جائیں، اس سلسلے میں مختلف رہنما فریقین کے ساتھ ان ٹی او آرز کے حوالے سے رابطہ کاری کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت سیاسی عدم استحکام کی فضا ہے، اس کی بہتری کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات اور بات چیت کا سلسلہ ہونا چاہیے لیکن اس سے قبل پیرا میٹرز بھی طے کیے جانے چاہییں کہ کس طریقے سے اور کس ماحول میں مذاکرات ممکن ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی دونوں اپنی جگہ ایک حقیقت ہیں۔ موجودہ حکومت فارم 47 کی بنیاد پر قائم ہوئی ہے، دیکھنا ہوگا کہ اس کے اختیارات کتنے ہیں۔