لاہور: حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے دوبارہ پارٹی کی صدارت سنبھالنے کی درخواست کردی۔
جمعہ کو مسلم لیگ ن کے دیگر قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ(ن) پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آج مسلم لیگ(ن)کے تنظیمی اجلاس میں تمام عہدیداران نے شرکت کی، آج کے اجلاس میں قراردار پیش کی اور منظور کی گئی، نوازشریف کو ایک سازش کے تحت نااہل کیا گیا اور ن لیگ کی صدارت سے ہٹایا گیا تھا، پارٹی کارکنان کی خواہش ہے کہ نوازشریف دوبارہ پارٹی صدارت سبنھالیں
۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نوازشریف عدالت سے سرخرو ہوچکے ہیں، نوازشریف کو پھر پارٹی صدارت سنبھالنے کی تجویز دی، مشکل وقت میں نوازشریف دوبارہ پارٹی کی قیادت کریں، نوازشریف کی قیادت میں ن لیگ عوام کی خدمت کرے گی، مسلم لیگ ن دوبارہ مقبولیت اور اپنا مقام حاصل کرے گی،
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی اجلاس میں الیکشن سے پہلے اور بعد کی سیاسی صورتحال پر تجاوز دی گئیں، تمام تجاویز قیادت کے سامنے پیش کی جائیں گی، چین سے واپسی کے بعد نوازشریف کے سامنے تمام تجاویز رکھی جائیں گی، نوازشریف ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے کوشاں ہیں۔