آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ معاشی استحکام کے بغیر مکمل خود مختاری کا تصور ممکن نہیں ہے، پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے اور توجہ ہٹانے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔
اسلام آباد میں گرین پاکستان انیشی ایٹیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ آج کے دور میں معاشی استحکام کے بغیر مکمل خودمختاری کا تصورممکن نہیں ہے۔ عوام کے تعاون، سپورٹ سے پاکستان میں ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرولز ہماری توجہ پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے سے نہیں روک سکتے ، ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے اور توجہ ہٹانے والوں کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر منفی قوتوں کو ردّ کریں اور سب مل کر پاکستان کی ترقی اور استحکام کے سفر پر مرکوز رہیں، پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے سفر میں کسی قسم کا عدم استحکام برداشت نہیں کیا جائے گا۔