ٹی 20 سیریز: پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں دوسری شکست

463

لاہور: ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جس پر مہمان ٹیم نے 178 رنز 20 اوورز میں بنائے اور اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

جواب میں میزبان پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز کھیل کر 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنا سکی اور اسے 4 رنز سے شکست کا سامناکرنا پڑ گیا۔

قومی ٹیم کے فخر زمان نے 61 رنز کی نمایاں اننگز کھیل کر اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم دیگر کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ افتخار احمد 23، صائم ایوب 20، عثمان خان 16، شاداب خان 7 اور کپتان بابراعظم صرف 5 رنز بنا سکے جب کہ عباس آفریدی نے صرف ایک ہی رن اسکور کیا۔ آخر میں عماد وسیم 22 اور محمد عامر ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔

نیوزی لینڈ کے بالرز میں ولیم اور وروک نے تین تین، بین سیئرز نے 2، مائیکل بریسویل اور جیمز نیشم نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کی اننگز میں ٹم رابنسن 51، ٹام بلینڈل 28، ڈین فاکس کرافٹ 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ مائیکل بریسویل نے 27 رنز بنائے۔

پاکستانی بالرز عباس آفریدی نے 3، محمد عامر، زمان خان، اسامہ میر اور افتخار احمد نے نیوزی لینڈ کے ایک، ایک کھلاڑی کو میدان سے باہر بھیجا۔

واضح رہے کہ 5 میچز پر مشتمل سیریز میں مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 2-1 سے برتری حاصل ہوگئی ہے جب کہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ سیریز کا پانچواں اور آخری میچ لاہور ہی میں 27 اپریل کو کھیلا جائے گا۔