فوج سے اختلاف ہے نہ اپوزیشن اتحاد کسی ادارے کیخلاف بنایا، محمود اچکزئی

252
postpone election

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہمارا نہ ہی فوج سے کوئی اختلاف ہے او رنہ ہی اپوزیشن کا اتحاد کسی ادارے کے خلاف نفرت پھیلانے کے لیے بنایا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اپوزیشن گرینڈ الائنس کے اہم اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے حکومت کے خلاف اپوزیشن کی ’’تحفظِ آئینِ پاکستان تحریک‘‘ کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کوئی بھی ملک ایجنسیوں کے بغیر نہیں چل سکتا۔ ہمارا اپوزیشن اتحاد نہ فوج کے خلاف ہے اور نہ ہی کسی ادارے کے خلاف نفرت پھیلانے کے مقصد سے تشکیل دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت خطرناک مرحلے سے گزر رہا ہے، ہم نے اپوزیشن اتحاد ملک بچانے کے لیے تشکیل دیا ہے اور ملک کو درپیش بحرانوں سے نجات کے لیے اجتماعی سوچ کا ہونا ناگزیر ہے۔ مل کو اس وقت تک مسائل سے نجات نہیں مل سکتی جب تک یہاں آئین و قانون کی بالادستی نہ ہو۔ انہوں نے کہا ہم فوج کے خلاف نہیں ہیں، ہمارا مطالبہ صرف اتنا ہے کہ فوج آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کام کرے۔

محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن اتحاد کے اجلاس کے حوالے سے بتایا کہ گرینڈ الائنس میں ہر پارٹی کا ایک نمائندہ شامل کیا گیا ہے اور کوآرڈینیٹر کے لیے تحریک انصاف کے نمائندے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ہم گرینڈ الائنس کے تحت پاکستان بھر میں جلسے منعقد کریں گے۔

حکومت کے خلاف جلسوں سے متعلق بات کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ گرینڈ الائنس کا کراچی میں جلسہ 5 مئی کو ہوگا، اس کے بعد فیصل آباد میں 10 مئی کو جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے تعاون کےحوالے سےوزیراعظم شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئیے مل کر بیٹھیں اور 2، 2 نمائندے منتخب کریں۔ پی ٹی آئی سے بات نہیں ہوئی مگر میں انہیں قائل کر لوں گا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کے تمام فیصلے اور پالیسیاں آئین و قانون کے مطابق پارلیمنٹ میں بننی چاہییں۔