کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے ٹاؤنز کے وسائل میں اضافے کیلئے گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد اور میونسپل کمشنر جاوید کلوڑ کی صدارت میں افسران کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سندھ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ردا اور فوکل پرسن حیدر مغل کے علاوہ تمام متعلقہ محکمہ جاتی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ لوکل ٹیکسز اینڈ ریکوری، محکمہ ایڈورٹائزمنٹ ، محکمہ چارجڈ پارکنگ ،بی اینڈ آر و دیگر لوکل ٹیکسز کے محکمہ جات نے ٹاؤن کے قیام کے بعد سے لوکل گورئمنٹ کی ٹیم کو بریفنگ دی اور تمام ریکارڈ بمہ ڈیٹا فراہم کیا، جبکہ لوکل ٹیکسز میں اضافے کے حوالےسے بھی مختلف تجاویز زیر غور لائی گئیں۔
چئیرمین ڈاکٹر فواد احمد ومیونسپل کمشنر جاوید کلوڑ نے اس موقع پر کہا کہ دیگر اداروں کی جانب سے گلشن اقبال ٹاؤن سے لوکل ٹیکسز وصولی کا عمل جاری ہے جو کہ سراسر عدلیہ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے ۔
وسائل میں اضافے کیلئے بارہا متعلقہ اداروں کو خطوط ارسال کئے جس کے مطلوبہ نتائج نہیں مل سکے جبکہ اس ضمن میں قرار داد کے ذریعے بھی وسائل میں اضافے کیلئے نکات زیر غور ہیں جو لوکل ٹیکسز میں اضافے کیلئے موثر ثابت ہونگے اگر وسائل ہوں تو مسائل حل کرنے میں معاونت حاصل ہوگی جوکہ ٹاون کی اشد ضرورت ہے ، ہمارے پاس قابل اور پڑھی لکھی ٹیم ہے جوکہ اس سلسلے میں اپنا کام کر رہی ہے۔
کلک اور ورلڈ بینک کے اشتراک سے بھی ہم مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کرنے جارہے ہیں باقی جو بھی ٹاؤن کے وسائل میں ہوگا اسے ٹاؤن کی ترقی کیلئے استعمال کیا جائیگا ۔
اس موقع پر سندھ لوکل گورنمنٹ کی ٹیم نے گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین اور میونسپل کمشنر کا لوکل ٹیکسز کے حوالے سے ڈیٹا کی فراہمی پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یقیناً گلشن اقبال ٹاؤن دوسرے ٹاؤنز کی نسبت درست سمت میں ہے جہاں ٹاؤن کی بہتری کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عبدالرئیس ، ایس ای ایم اینڈ ای غلفام، ایکسی این بی اینڈ آر راشد فیاض، ڈائیریکٹر لوکل ٹیکسز اینڈ ریکوری شرف علی شاہ، ڈائریکٹرچارجڈ پارکنگ مجتبی گبول، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ معین الدین و دیگر افسران بھی موجود تھے۔