ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان کو شکست دیکر ون ڈے سیریز نام کرلی

2185

کراچی: ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان کو شکست دے کر ون ڈے سیریز نام کرلی۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو ویسٹ انڈیز ویمنز کے ہاتھوں 88 رنز سے شکست ہوئی، جس کے نتیجے میں مہمان ٹیم نے سیریز 3-0 سے اپنے نام کی۔

میچ سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا انتخاب کیا اور مقررہ50 اوورز کھیلتے ہوئے 278 رنز اسکور کیے اور 6 وکٹیں گنوائیں۔ ویسٹ انڈیز ویمنز کی کپتان ہیلی میتھیوز نے ون ڈے سیریز میں اپنی دوسری سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوگئیں۔ ویسٹ انڈیز ویمنز کی اسٹیفی ٹیلرز نے 47 رنز اسکور کیے۔

پاکستان ویمنز کی جانب سے نشرہ سندھو نے 3 ،فاطمہ ثنا نے 2 وکٹیں لے کر اپنے ون ڈے کیریئر کی 50 وکٹیں مکمل کرلیں۔

بعد ازاں ویسٹ انڈیز ویمنز کی جانب سے دیے گئے 279 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان ویمنز کی بیٹنگ لائن میدان میں ٹھہر ہی نہ سکی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں اور نتیجتاً 48 اوورز کھیل کر پاکستان ویمنز 190 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان ویمنز کی منیبہ علی نے 38، عالیہ ریاض نے 36، فاطمہ ثنا اور طوبیٰ حسن نے 23، 23 رنز اسکور کیے۔ ان کے علاوہ کپتان ندا ڈار، سدرہ امین اور ناجیہ علوی نے 9، 9 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز ویمنز نے 88 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ون ڈے سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی۔