پختونخوا: فورسز کی کارروائیوں میں 11 دہشتگرد ہلاک

243
terrorists killed

راولپنڈی: سیکورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں 2 کارروائیوں میں 11 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 اور 22 اپریل کو کے پی کے میں 2 مختلف آپریشنز کیے گئے، جس میں 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز نے آپریشن کیا، جس میں دونوں جانب سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔

دریں اثنا ضلع شمالی وزیرستان میں ایک اور آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسزنے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بھرپور نشانہ بنایا۔ اس دوران فائرنگ کے نتجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔