دبئی: پاکستان نے پروفیشنل مارشل آرٹس لیگ کے مقابلے میں بھارت کو شکست دے دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراٹے کامبیٹ ایک پروفیشنل مارشل آرٹس لیگ ہے جس میں فل کانٹیکٹ کراٹے کے مقابلے شامل ہیں۔ کراٹے کامبیٹ دنیا بھر میں ایونٹس کی میزبانی کرتا ہے، جس میں مختلف ویٹ کیٹگریز اور ممالک کے فائٹرز کے درمیان مقابلہ ہوتا ہے۔
پاکستان کے شاہ زیب رند نے کراٹے کامبیٹ 45 مقابلے میں انڈیا کے رانا سنگھ کو شکست دے کر جیت اپنے ملک کے نام کی، دبئی میں پاکستان کے رضوان علی اور انڈیا کے ہمانشو کوشک نے بالترتیب میچ کا پہلا اور دوسرا مقابلہ جیتا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان میچ کا فیصلہ فائنل راؤنڈ میں ہوا۔
خیال رہے کہ جمعے کو میچ سے پہلے کی ایک نیوز کانفرنس میں شاہ زیب رند نے رانا سنگھ کو تھپڑ مارا تھا۔ دونوں کو ان کی ٹیم کے اراکین نے الگ کر دیا تاہم جھگڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔