راولپنڈی: دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
نیوزی لینڈ کا 91 رنز کا ہدف پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 12.1 اوورز میں حاصل کرلیا، محمد رضوان 45 اور عرفان خان 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی طرف سے صائم ایوب اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا، صائم ایوب 4 اور بابراعظم 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ عثمان خان 7 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے مچل بریسویل، بین لیسٹر اور اش سوڈھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 18.1 اوور میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بیٹر پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکا، مارک چیپمین 19 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
کول میکونچی 15، فوکس کرافٹ 13، ٹمز سیفرٹ 12 رنز بنا سکے، جیکب ڈفی 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، نیوزی لینڈ کا باقی کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔
شاہین شاہ آفریدی نے 3، محمد عامر، ابرار احمد اور شاداب خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
یاد رہے کہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا۔ پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل (کپتان)، مارک چیپ مین، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول میک کونچی، جیمز نیشم، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، ایش سودھی
پاکستان کے بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عثمان خان، افتخار احمد، محمد عرفان خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، ابرار احمد شامل تھے