ملک بھر کے 21 حلقوں میں کل ضمنی انتخابات، موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ

570
Tomorrow by-elections

اسلام آباد:  قومی اسمبلی کے 5 اور 16 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کل (21 اپریل) کو ہوں گے، اس موقع پر پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ بھی 21 اپریل کو ہوگی جبکہ این اے 8 باجوڑ، این اے 44 ڈی آئی خان، این اے 119 لاہور، این اے 132 قصور اور این اے 196 قمبر شہداد کوٹ میں ضمنی انتخاب ہوگا۔

پنجاب سے 12 صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 174 امیدوار میدان میں ہیں جہاں ووٹرز کی تعداد 40 لاکھ 44 ہزار 552 ہے اور پنجاب میں 2 ہزار 601 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

لاہور کے قومی اسمبلی کے ایک جبکہ صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں میں انتخاب ہوگا، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

قومی اسمبلی کے این اے 119 سے علی پرویز اور شہزاد فاروق سمیت 9 امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ پی پی 147 لیگی امیدوار ملک ریاض اور محمد خان مدنی سمیت گیارہ امیدوار مدمقابل ہیں۔

اس کے علاوہ پی پی 149 سے استحکام پاکستان پارٹی کے محمد شعیب صدیقی اور قیصر شہزاد سمیت 14 امیدوار، پی پی 158 سے لیگی امیدوار چودھری نواز اور سنی اتحاد کونسل کے مونس الہٰی سمیت 22 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ پی پی 164 سے لیگی رہنما راشد منہاس اور سنی اتحاد کونسل کے محمد یوسف سمیت 20 امیدوار مدمقابل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا کے 2 صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 14 لاکھ 71 ہزار ووٹرز ہیں اور یہاں 49 امیدوار میدان میں ہیں جس کیلئے 892 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 139 حساس ہیں۔

سندھ میں این اے 196 میں 2 امیدوار میدان میں ہیں، 4 لاکھ 23 ہزار 781 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے اور یہاں 303 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 158 حساس ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں 2 صوبائی حلقوں 20 اور 22 میں ضمنی الیکشن ہوگا، صوبے میں 3 لاکھ 96 ہزار 246 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، 354 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں، انتخابی سامان پولنگ سٹیشنز پر پہنچا دیا گیا ہے جبکہ حساس پولنگ سٹیشنز پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔

مراسلے کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، قصور، ڈی جی خان، تلہ گنگ، گجرات، علی پور، ظفروال، بھکر، چکوال، صادق آباد، علی پورچٹھہ، کوٹ چٹھہ میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہیں گی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات 2024 کیلئے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا گیا، سنٹر میں عوام کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہوگی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شکایت کے بروقت ازالے کیلئے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی، اِس مقصد کیلئے سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کر دیا گیا ہے، ووٹرز کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کیلئے 4 سطحوں پر کنٹرول سنٹر قائم کئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن مخصوص ہیلپ لائن 051111327000 پر بھی شکایت کا اندراج کیا جا سکتا ہے، ‏مانیٹرنگ سنٹر پولنگ کے دن اور نتائج کے موصول ہونے تک چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔