اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کے اراکین کا پارلیمنٹ میں احتجاج کا مقصد این آر او لے کر اپنے پارٹی لیڈران کو رہا کرانا ہے۔
پارلیمینٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن اراکین بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے خوفزدہ ہیں، اسی وجہ سے انہوں نے ان کے حلف اٹھاتے وقت ایوان میں شور شرابہ کیا، اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ایک نہتی لڑکی سے خوفزدہ ہیں۔ پیپلزپارٹی کبھی بھی ایسے ہتھکنڈوں سے نہیں گھبراتی اور 3 نسلوں سے ہم نے ان کا مقابلہ کیا ہے اور جنرل ضیا الحق اور جنرل مشرف جیسے ڈکٹیٹروں کو جمہوریت سے شکست دی ہے، ہم ابھی بھی ان کا جمہوری انداز میں سامنا کریں گے۔
بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکین کے رویے سے ایوان کا وقار مجروح ہو رہا ہے پیپلزپارٹی نے تاریخ رقم کی ہے اور صدر زرداری نے ساتویں مرتبہ مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ صدر زرداری نے ان مسائل کو اجاگر کیا جو وقت اور پاکستان کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے سیاسی اختلافات کی بجائے ملک کا سوچنا چاہیے، ہمیں اس عوام کے متعلق سوچنا چاہیے، صدر زرداری نے کل بھی یہ پیغام دیا کہ پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے ہمیں متحدہ ہونا ہوگا، عوامی نمائندوں کو اپنا کردار اور ذمہ داری نبھانی چاہیے۔