ترک کمپنیاں پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، آصف علی زرداری

335
investment-friendly policies

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترکیہ کے ساتھ تجارت، معیشت، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترک کمپنیاں پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے سرمایہ کاری کریں۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

آصف علی زرداری نے ترک سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان تاریخی اور دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں قوموں نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان انفرااسٹرکچر کی ترقی کے شعبے سمیت ترکیہ کے ترقیاتی تجربے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کے لئے انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان ریلوے رابطہ قائم کرنے کے لئے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی کی تجویز دی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کا پاکستان میں 7ویں اعلی سطحی سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس میں خیرمقدم کرے گا۔