اسلام آباد: جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے درمیان مستقل رابطوں کی ضرورت ہے۔
قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر و پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر اور سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کے مابین ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں پی ٹی آئی کی جانب سے مولانا فضل الرحمن کو ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اور اسد قیصر نے ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارک دینے کے علاوہ ملک کی موجودہ سیاست اور معیشت کی صورت حال کے حوالے سے بات چیت کی۔
اسد قیصر نے دونوں جماعتوں میں رابطوں کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گزشتہ ملاقاتوں میں بھی کچھ تحفظات پر ہم نے بات کی تھی، ان کو پہلے دور کرنے کی ضرورت ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دونوں جماعتوں میں مستقل رابطوں کی ضرورت ہے۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بیرون ملک واپسی پر تحفظات کو دور کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل بنائیں گے۔