کراچی(اسٹاف رپورٹر) مستقبل کے دلہے نے اہم موقع پر فلسطینیوں کو بھولنے نہیں دیا،فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم جہاں دنیا بھر کی توجہ حاصل کر رہے ہیں ، وہیں اب پاکستانی شہری بھی غزہ اور فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔ایک ایسا ہی کراچی کا نوجوان ہے، جس نے مظلوم فلسطینیوں کو اپنی منگنی کی تقریب میں بھی بھولنے نہیں دیا ہے۔کراچی سے تعلق رکھنے والے اسماعیل طلحہ نے اپنی منگنی کی تقریب میں فلسطینی مفلر اوڑھا ہوا تھا جو کہ سب کی توجہ خوب سمیٹ رہا تھا۔اسماعیل طلحہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا آئیڈیا تھا کہ اپنی خوشیوں میں فلسطینیوں کو بھی یاد رکھا جائے گا۔مستقبل میں بننے والے دلہے میاں نے کہا کہ ہمار ا پلان تھا جس میں کامیاب ہو گئے ہیں، دوسری جانب اسماعیل نے اپنی منگنی کی تقریب میں ایک ڈونیشن باکس بھی رکھا تھا۔
اس ڈونیشن باکس کا نام فلسطین فنڈ تھا، جس میں غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے لیے امداد جمع کی جا رہی تھی۔اسماعیل اس بات پر بھی خوش تھے کہ وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو گئے ہیں، ان کا مقصد تھا کہ وہ فلسطین میں ہونے والے مظالم اور اظہار یکجہتی کے لیے آگاہی مہم چلائیں، اس کے لیے انہوں نے اپنی نجی محفل کو بھی استعمال کیا، جس میں موجود مہمانوں کی جانب سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا گیا ہے۔اسماعیل کی رشتہ دار خاتون کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے خوشی کا موقع ہے، ہم خوش تو دکھائی دے رہے ہیں تاہم ہم اندر سے کرچی کرچی ہیں۔ وہ بتاتی ہیں کہ ان لمحات میں کوئی ایک لمحہ بھی ایسا نہیں ہے، جس میں ہم انہیں یاد نہیں کرتے۔وہ کہتی ہیں کہ اسرائیل کا عمل اس بات کی طرف اشارہ کر رہا ہے کہ اسے مسلمانوں سے کس حد تک نفرت ہے، اور جس طرح وہ مسلمانوں کو ختم کر رہے ہیں، اس سے اس نظریہ میں شدت نظر آ رہی ہے۔اس فیملی کی جانب سے فلسطینی سے اظہار یکجہتی کے اس انداز کو نہ صرف مقامی طور پر سراہا جا رہا ہے، بلکہ ملک بھر سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی سپورٹ کیا جا رہا ہے۔