تنازع فلسطین کا دو ریاستی حل کے سوا کوئی راستہ نہیں، امریکا

346

واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ فلسطینی تنازع کا دو ریاستی حل کے سوا کوئی راستہ نہیں، واشنگٹن اس کے لیے کوشاں ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ فلسطین و اسرائیل کے درمیان تنازع سے عالمی سطح پر نفرت بڑھتی جا رہی ہے، جس پر امریکا کو تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تنازع کسی کے مفاد میں نہیں ہے، امریکا اس تنازع کی مخالفت کرتا ہے اور حل کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا سمیت عالمی سطح پر مسلم مخالفت اور یہود دشمنی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکا اس معاملے کے حل کے لیے کوشش کررہا ہے۔ اس تنازع کا حل نکالنا مسلمانوں، یہود، مسیحیوں، اسرائیلیوں سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگا۔

میتھیوملر نے کہا کہ فلسطین کے ساتھ مفاہمت کے لیے راہ نکالنا خود اسرائیل کی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع کا دو ریاستی حل بظاہر مشکل نظر آتا ہے لیکن آگے بڑھنے کا اس کے سوا کوئی راستہ دکھائی نہیں دیتا۔ امریکا اس کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔