راولپنڈی: بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کرائی گئی۔
بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے لیے بنی گالہ سے لایا گیا۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات عدالت کے حکم پر عمل کے تحت کروائی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل کانفرنس روم میں ہونے والی ملاقات میں دونوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی۔ ایک گھنٹے سے زائد رہنے والی ملاقات میں عمران خان اور بشریٰ بی بی نے ایک دوسرے کی صحت، عدالتوں میں جاری مقدمات کی پیروی اور پارٹی امور سے متعلق بات چیت کی۔
ملاقات کے اختتام پر بشریٰ بی بی کو سخت سیکورٹی میں اڈیالہ جیل سے واپس بنی گالہ منتقل کردیا گیا۔ ملاقات کے موقع پر جیل کے اردگرد سیکورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ اڈیالہ جیل روڈ کو ایک جانب سے بند کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔