کروڑوں بچوں کیلیے تعلیم کے بندوبست تک قائداعظم کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، وزیراعظم

493

اسلام آباد: وزیراعظم میاںشہباز شریف نے کہا ہے کہ کروڑوں بچوں کے لیے تعلیم کے بندوبست تک قائداعظم کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

وفاقی دارالحکومت میں دانش اسکول سائٹ کے معائنے کے موقع پر ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھاکہ دنیا کی کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی اور خوش حالی کے راہ پر چل سکتی ہے کہ ہی اپنی منزل تک پہنچ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دانش اسکول میں بیشتر ایسے بچے ہیںجو بہت ذہن ہیں مگر ان کے والدین کے پاس تعلیم کے وسائل کم تھے یا ان کے والدین اس دنیا سے چلے گئے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکول سے تعلیم حاصل کرنے والے معماران وطن دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دانش اسکول کا جب ہم نے آغاز کیا تھا تو مخالفین نے ہمیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، تب ہم نے کہا تھا کہ اگر امیروں کے بچوں کے لیے ایچی سن کالج جیسے تعلیمی ادارے بن سکتے ہیں تو پھر غریب کے ذہین بچوں کے لیے بھی ایسے تعلیمی ادارے قائم کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے اسکول ایسے ہیں جہاں صرف امرا کے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں جو کہ اچھی بات ہے لیکن اچھی تعلیم صرف امرا ہی کے بچوں کا حق نہیں بلکہ غریب کے بچوں کو بھی جدید تعلیمی سہولیات کے تمام مواقع دستیاب ہونے چاہییں۔ اسی سوچ کو پروان چڑھاتے ہوئے ہم نے دانش اسکولوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ دانش اسکول اسلام آباد کےلیے 10 ایکڑ زمین فراہم کی جا رہی ہے جہاں تمام جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی مشاورت کے ساتھ آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان ، بلوچستان اور سندھ کے دور دراز علاقوں میں یہ اسکول بنائے جائیں گے۔