وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی میں آئندہ دو روز کیلیے سیکیورٹی سخت کرنیکی ہدایت

341
Prime Minister

 کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئندہ دو روز کے لیے کراچی میں سیکیورٹی سخت اور نگرانی بڑھانے کی ہدایت کر دی ہے۔

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت شہر کی امن امان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب، ڈی آئی جی مقدس حیدر، ایس ایس پی اے وی سی سی ظفر صدیقی اور دیگر پولیس افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی پولیس اچھی فورس ہے اور امید ہے بہترین کام کرکے جرائم کا خاتمہ کرے گی ، میں چاہتا ہوں ہر لحاظ سے عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بلدیہ میں چھاپا مارکر دو افراد کی بازیابی پرپولیس کو شاباش بھی دی۔

 انہوں نے کہا کہ یہ اغوا کاروں کا گروپ ملک سے باہر بیٹھ کر کراچی میں اغوا برائے تاوان میں ملوث ہے ۔ پولیس اس طرح کے بہترین کام کرے گی توجرائم ختم ہوں گے، میری طرف سے پولیس کی ہمت افزائی کریں، میں خود بھی جلد پولیس اہلکاروں سے ملاقات کروں گا۔