وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مظبوط بنانے پر اتفاق

264

مکہ : وزیراعظم شہباز شریف نے افطار کے موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم کو اپنے وفد کے ہمراہ ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے افطار کی دعوت دی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے سعودی حکام کی جانب سے اپنے اور ان کے وفد کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں نے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی رفتار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ افطار کے بعد دو طرفہ ملاقات بھی ہوئی جس کے بعد وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف اپنے انتخاب کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر ہفتہ کو تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے۔

مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان آل سعود نے وزیراعظم کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کمرشل فلائٹ میں سفر کیا اور دوران پرواز مسافروں میں گھل مل گئے۔ مسافروں نے وزیراعظم کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں اور ان کے ساتھ گپ شپ بھی کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وفاقی کابینہ کے ارکان بشمول اسحاق ڈار، خواجہ آصف، محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، عطاء اللہ تارڑ اور احد چیمہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔