امریکی انٹیلی جنس نے شام میں ایرانی سفارت خانے پر تل ابیب کے حملے کے جواب میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر درجنوں ڈرون حملوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے جواب میں ایران اگلے ہفتے تک اسرائیل پر درجنوں ڈرون حملے کر سکتا ہے۔
اس میں دعویٰ کیا گیا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر اسرائیلی سفارتی مرکز کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
امریکی انٹیلی جنس کے مطابق ایران اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون کے ساتھ ساتھ کروز میزائل بھی استعمال کر سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس نے قوی امکان ظاہر کیا ہے کہ رمضان المبارک کے اختتام سے قبل ایران کی جانب سے ممکنہ حملہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی میزائل حملے میں متعدد سفارت کاروں سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ا
یرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن کو میزائل سے نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں عمارت تباہ ہوگئی، اسرائیلی حملے میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دمشق میں اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس بریگیڈز کے سینئر کمانڈر رضا زاہدی بھی شامل ہیں۔ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کے بعد ایران نے حملے کا سخت جواب دینے کا اعلان کیا۔