بھارت میں جہیز اور گاڑی نہ ملنے پر بہو کا وحشیانہ تشدد سے قتل

298

نئی دہلی: بھارت میں سسرال والوں نے مزید جہیز اور گاڑی نہ ملنے پر بہو کو وحشیانہ تشدد کرکے قتل کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوائیڈا میں بہو کو سسرال والوں نے محض اس بات پر بہیمانہ تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا کہ اس کے گھر والوں نے پہلے سے دیے گئے جہیز اور گاڑی کے علاوہ مزید بھاری رقم، جہیز اور ایک دوسری گاڑی نہیں دی۔

کرشمہ نامی لڑکی کی شادی 2022ء میں وکاس نامی لڑکے سے ہوئی، جو شادی کے شروع ہی سے اہلیہ پر تشدد کرنے لگا تھا۔ پولیس نے مقتولہ کے بھائی دیپک کی درخواست پر مقدمہ درج کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سسرال والوں نے اس کی بہن کو تشدد کرکے قتل کردیا ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر وکاس، سسر، ساس، نند، دیور اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرکے سسر کو گرفتار کرلیا اور دیگر کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس میں درج شکایت میں بتایا گیا ہے کہ شادی کے وقت کرشمہ کے جہیز میں 11 لاکھ مالیت کا سونا اور ایس یو وی گاڑی بھی دی گئی تھی لیکن سسرال والوں کا لالچ بڑھتا گیا اور انہوں نے مزید جہیز کا تقاضا شروع کردیا۔ بعد ازاں کرشمہ کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی جس پر سسرال والوں نے بہو پر تشدد میں مزید اضافہ کردیا۔