ججز کے خط کا معاملہ: چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لے لیا

232
authority

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان (سی جے پی) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) کے ججوں کی جانب سے خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت کے الزامات کا ازخود نوٹس لے لیا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں سات رکنی لارجر بینچ بدھ کو کیس کی سماعت کرے گا۔

لارجر بینچ کے رکن جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان ہوں گے۔ سماعت بدھ کی صبح  11:30بجے ہوگی۔

قبل ازیں، مختلف بار ایسوسی ایشنز سے تعلق رکھنے والے 300 سے زائد وکلاء نے سپریم کورٹ آف پاکستان پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ (IHC) کے ججوں کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت عدالتی کاموں میں خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت کے الزامات کی سماعت کرے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ (IHC) کے چھ حاضر سروس ججوں نے سپریم جوڈیشل کونسل (SJC) کو ایک خط لکھا، جس میں “عدالتی کاموں میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مداخلت” کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے جوڈیشل کنونشن طلب کرنے پر زور دیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس باقر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس سلمان رفعت امتیاز سمیت آئی ایچ سی کے اعلیٰ ججوں نے سپریم کورٹ کے 22 مارچ کے فیصلے کے بعد ایس جے سی کو خط لکھا۔

خط میں، اعلیٰ ججوں نے سپریم جوڈیشل کونسل (SJC) سے “جج کی ذمہ داری کے حوالے سے رہنمائی مانگی ہے کہ وہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کے کارندوں سمیت ایگزیکٹو کے ممبران کی کارروائیوں کی رپورٹ اور جواب دیں۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے سابق چیف جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔