کراچی: پتنگ اڑانے پر پابندی عائد

310

کراچی : پتنگ کی ڈور سے پیش آنے والے نقصانات کے پیش نظر پتنگ اڑانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی نے بتایا کہ دفعہ 144 کے تحت شہر میں پتنگ بنانے اور فروخت کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

کمشنر کراچی کے دفتر سے جاری حکم نامے کے مطابق پتنگ بازی پر پابندی 30مارچ سے 29مئی تک برقرار رہے گی۔ کراچی انتظامیہ نے شہریوں کو پتنگ کی ڈور سے پیش آنے والے نقصانات کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں کراچی میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دو دن قبل کراچی کے علاقے عزیز آباد میں 20 سالہ نوجوان پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے زخمی ہوگیا تھا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ اویس موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ محمدی کالونی میں پتنگ کی اس کے گلے پر پھری تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

خیال کیا جارہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بڑے ڈیلر پتنگیں، دھاتی ڈور اور منشیات فروخت کر رہے، رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سینکڑوں ویب سائٹس ممکنہ خریداروں تک پہنچنے کے لیے غیر قانونی کاروبار کر رہی ہیں۔