فلسطینیوں کی محبت میں اہل کراچی”شب یکجہتی غزہ“ میں بھر پور شرکت کریں، حافظ نعیم

434

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے عوام، تمام مکاتب فکر اور مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد سے اپیل کی ہے کہ اپنی فیملیز کے ہمراہ جماعت اسلامی کے تحت 30مارچ کو 10:30بجے شب شاہراہ قائدین پر ہونے والی ”شب یکجہتی غزہ“ میں بھر پور شر کت کریں، مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں خواتین وبچوں، بزرگوں اور حماس کے مجاہدین سے اظہار یکجہتی اوراسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کی مذمت کریں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام فلسطین فنڈ میں بھی دل کھول کر حصہ لیں اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں،  اہل غزہ و حماس قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی کے لیے فرض کفایہ ادا کر رہے ہیں، بحیثیت مسلمان ہمارا بھی فرض ہے کہ ان کے لیے آواز بلند کریں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ   اسرائیل اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی جنگ بندی کی قرار دداد قبول کرنے پر تیار نہیں، اسرائیل کو جارحیت و دہشت گردی کی طاقت امریکا اور مغربی ممالک کے ساتھ عالم اسلام کے بے حس اور حمیت سے عاری حکمرانوں نے بھی فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ  پاکستان کے حکمران اور حکمران پارٹیوں نے بھی اہل غزہ کی حمایت و پشتیبانی کرنے، عالمی سطح پر موثر آواز اُٹھانے اور اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کو روکنے کے لیے کچھ کرنے کے بجائے مجرمانہ طور پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، امریکی غلامی میں خارجہ پالیسی بنے گی تو ہم مزید غلامی میں جکڑتے چلے جائیں گے۔

دریں اثناء جماعت اسلامی کے تحت ”شب یکجہتی غزہ“ کے سلسلے میں جمعرات اور جمعہ کو شہر بھر میں بڑی شاہراؤں، چورنگیوں اور اہم پبلک مقامات پر کیمپ لگائے گئے، شہریوں کو ”شب یکجہتی غزہ“ میں شرکت کی دعوت دی گئی، امریکا و اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی اور حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کی مذمت کی گئی۔

کیمپوں پر فلسطین فنڈ بھی جمع کیا گیا،  علاوہ ازیں شہر بھر میں نماز جمعہ کے بعد ہزاروں کی تعداد میں ہینڈ بلز بھی تقسیم کی گئے اور فلسطین فنڈ جمع کیا گیا، عوام  نے بھر پور جوش و جذنے کا مظاہرہ کیا اور نقد عطیات جمع کرائے۔