بھارت کشمیریوں کا قاتل، قوم کو اس کیساتھ تجارت قبول نہیں، سراج الحق

724
India is the killer

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کا قاتل ہے، قوم کو اس کے ساتھ تجارت قبول نہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، مسئلہ کشمیر کے حل تک ہندوستان سے تجارت کے حق میں نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ترجمان جماعت اسلامی قیصرشریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بھارتی کی ہندوتوا نواز مودی حکومت نے تمام بین الاقوامی اور دوطرفہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانچ سال قبل کشمیر کی ریاستی حیثیت کا خاتمہ کردیا، تب سے لے کر اب تک کشمیریوں اور کشمیری قیادت پر ظلم کیا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر ایک قسم کی جیل میں تبدیل ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل سے کر لے کر حریت رہنمائوں کو قید اور دوران جیل تشدد اور موت کے منہ میں دھکیلنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، کشمیریوں کی آواز کو دبایا جارہا ہے، وادی میں ہندوئوں کی آبادکاری ہورہی ہے تاکہ مقبوضہ ریاست میں مسلمانوں کو اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جائے، بھارت کے اندر مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، ان کی عبادت گاہیں محفوظ نہیں، اس ساری صورتحال میں اسلام آباد میں خاموشی چھائی ہے

سراج الحق کا  کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ مسلمان حکمران امت کے جذبات کی ترجمانی کریں اور اہل فلسطین کی عملی مدد کریں، اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔ او آئی سی فلسطینیوں اور کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کے لیے جاندار کردار ادا کرے۔

امیر جماعت نے کہا کہ حکمرانوں سے ہرگز توقع نہیں کہ وہ پاکستانیوں اور امت کی حفاظت کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں یا وہ اس کے لیے کوئی کردار اداکریں گے۔ ملک کی معیشت تباہ حال ہے، متنازعہ الیکشن کے نتیجہ میں جو حکومت بنی ہے اس سے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا، سیاسی عدم استحکام اور پولرائزیشن بڑھے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا حکمران آئی ایم ایف کی چوکھٹ پر پہنچ چکے، شرائط کے نتیجہ میں مزید مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا، نئے ٹیکسز لگائے جائیں گے، واضح کردینا چاہتے ہیں کہ قوم کے ساتھ مل کر قوم کا مقدمہ لڑیں گے، اب لوگ مزید قربانیوں کے لیے تیار نہیں، ماضی کے قرضوں کا آڈٹ کیا جائے، حکمران وی آئی پی پروٹوکول اور شاہانہ اخراجات ختم کریں ، لوٹ مار بند کی جائے اور وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑاجائے۔ جماعت اسلامی پاکستانیوں کا مقدمہ لڑرہی ہے، ہم اہل فلسطین و کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں ، ملک میں اسلامی نظام لائیں گے۔