وہاڑی: جماعت اسلامی کے زیر اہتمام حلقہ پی پی 232 کے ووٹرز کے اعزاز میں گرینڈ افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔جس میں امیر جماعت سراج الحق نے کہاکہ اگر آپ لوگ اس فرسودہ نظام اور غلامی سے چھٹکارا چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
مرکزی امیر جماعت اسلامی سابق سینیٹر سراج الحق نے بھی افطار ڈنر میں شرکت کی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے افطار ڈنر سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی پی 232 کے ووٹرز ہمارے محسن ہیں میں ان کا دل سے شکر گزار ہوں۔
امیر جماعت کاکہنا تھاکہ آج اس بات کا عزم کریں کہ اس ملک کو قبضہ مافیا سے نجات دلانا ہے، ان حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا غلام بنایا ہے، میں آج آپ لوگوں کے ضمیر پر دستک دینے آیا ہوں، اگر آپ لوگ اس فرسودہ نظام اور غلامی سے چھٹکارا چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ہماری لڑائی اس فرسودہ نظام کے ساتھ ہے، ملک میں بدامنی اور ڈاکو راج کی وجوہات یہی حکمران ہیں، دین میں ہمیں رشوت سے منع کیا گیا، پاکستان میں ہرجائز اور ناجائز کام رشوت دے کر کروا لیا جاتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ رمضان ہمیں تقویٰ کا درس دیتا ہے، موجودہ حکومتی نظام ہمیں دین سے دور کر رہا ہے، پاکستان میں 90 فیصد مسلمان اس نظام کے سبب دین سے دور ہوئے۔