واشنگٹن: امریکی کرکٹ بورڈ نے افغان سی ای او کو عہدے سے فارغ کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق افغانستان سے تعلق رکھنے والے امریکی کرکٹ بورڈ کے سی ای او ڈاکٹر نور محمد کو فوری طور پر ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے امریکی بورڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں کرکٹ کے بہتر مفاد کے لیےڈاکٹر نور محمد کے ساتھ معاہدے کو ختم کیا گیا ہے۔
چیئرمین بورڈ وینو پیسیکے نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ڈاکٹر نور محمد کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ غور و خوض کے بعد کیا گیا ہے۔ اس سے ادارے کا مفاد وابستہ ہے۔ ہم امریکا میں تنظیم اور کرکٹ کی مسلسل بہتری کے لیے تبدیلیاں کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر نور محمد مراد اس سے قبل افغانستان کرکٹ بورڈکے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی رہ چکے ہیں اور گزشتہ برس جولائی میں امریکی کرکٹ بورڈ کے سی ای او کے عہدے کے لیے منتخب کیے گئے تھے۔