اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان نے امریکی نائب وزیر خارجہ ڈونلڈ لو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ لو کے بیان نے بانی پی ٹی ائی کو سچا ثابت کردیا ہے، سائفر معاملے پر ڈونلڈ لو سچا ہے تو عمران خان پر مقدمہ جھوٹا بنایا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہاکہ ڈونلڈ لو نے تو عمران خان کو سائفر کیس سے بری کرنے والا بیان دیا ہے، ڈونلڈ لو کہتے ہیں کہ سائفر ہے ہی نہیں، جس کے بعد عدالت کو چاہیے کیس ختم کرے، ڈونلڈ لو نے کہا ہے کہ سائفر سرا سر جھوٹ ہے، عمران خان کو ہٹانے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا ہم نے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ڈونلڈ لو اپنے بیان میں پاک ایران گیس پائپ لائن کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا یہ امریکا کی پاکستان میں مداخلت نہیں ہے؟ شرم کریں وہ لوگ جو کہتے ہیں امریکا ہمارے ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔