کراچی  کی شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے سے اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ

217
Darkness reigns on Karachi

کراچی:پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی حب کراچی کی اہم شاہراہوں پر اندھیروں کا راج، ہزاروں اسٹریٹ لائٹس خراب ہونے کے باعث رات کو ٹریفک حادثات بڑھ گئے ہیں،کراچی تمام شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس کئی ماہ سے بند ہیں جنہیں روشن کرنے کی زحمت بھی گوارہ نہیں کی گئی۔

تفصیلا ت کے مطابق بعض شاہراہ پر از سر نو تعمیر ہوئی ہے اور جدید اسٹریٹ لائٹس لگائی گئی تھیں جو محض ایک ہفتہ روشن رہنے کے بعد بند ہوگئیں ہیں ، کراچی کے بیشتر علاقوں میں سرشام ہی اندھیروں اور ویرانیوں کا راج ہوجاتا ہے، کئی ماہ سے اہم شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس خراب ہیں اور ان کی درستگی کے لیے بلدیہ عظمی کراچی،ٹاﺅن میونسپل کارپوریشن(ٹی ایم سی ) ،کنٹونمنٹ بورڈز سمیت دیگر متعلقہ ڈپارٹمنٹ کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔

جن اہم سڑکوں کی اسٹریٹ لائٹس بند رہتی ہیں ان میں گلشن اقبال،سوک سینٹر کی اطراف کی سڑکیں، مین یونیورسٹی روڈ، قائدآباد تا گلشن حدید شاہراہ، جناح ایونیو ملیر ہالٹ تا سپر ہائی وے، جہانگیر روڈ، راشد منہاس روڈ، شاہراہ نورجہاں، ایکسپریس وے، کھوکھراپار، شاہ فیصل کالونی ، لانڈھی کورنگی روڈ، ملیر ، فیڈرل بی ایریا، نیو کراچی،کلفٹن للی برج، ٹاور،شاہراہ لیاقت ،شاہراہ فیصل کے بیشتر مقامات ،کارساز روڈ ،سگنل فری کوریڈور 1,2,3، ماڑی پور،شاہراہ پاکستان ،سائٹ ایریا ،بنارس چوک ،منگھوپیر روڈ،جہانگیرآباد،ناظم آباد نمبر2،بورڈ آفس،شاہراہ اورنگی،میٹروول،سائٹ ایریا،شاہراہ مفتی نعیم،شیرشاہ روڈ،گارڈن روڈ،پاک کالونی،ریکسر،پرانا گولیمار،عبداللہ کالج چورنگی ،ناردرن بائی پاس ،سہراب گوٹھ ،ایکسپریس ہائی وے ،جام صادق پل ،جمشید روڈ،اورنگی ٹاون، ملیر ،لائنز ایریا شاہراہ قائدین و دیگر علاقوں کی اہم شاہراہوں سمیت شہر کی متعدد آبادیوں کی اندرونی سڑکوں کی اسٹریٹ لائٹس شامل ہیں جوگذشتہ کئی ماہ سے خراب ہیں۔

کراچی ائرپورٹ جانے والی سڑکیں بھی اندھیرے میں ڈوبی رہتی ہیں۔ صدر، کینٹ اسٹیشن، جناح اسپتال کے قریبی علاقوں، سی ویو کے علاقوں میں بھی کنٹونمنٹ بورڈ اور ڈی ایچ اے کی جانب سے اسٹریٹ لائٹس بند ہونے کا نوٹس نہیں لیا جاتا ہے۔اسی طرح سائٹ ایریاکی تمام شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس کئی ماہ سے بند ہیں جنہیں روشن کرنے کی زحمت بھی گوارہ نہیں کی جاتی ہے۔

کراچی کی کئی شاہراہوں پر صرف ایک لائٹ جل رہی ہوتی ہے تو دوسری خراب ہوتی ہے اور کئی کئی گز فاصلے تک کچھ نظر نہیں آتا۔ بعض شاہراہیں مکمل طور پر تاریکی میں ڈوبی رہتی ہیں،شاہراہوں پر تاریکی کے باعث جہاں حادثات روز کا معمول بن گئے ہیں وہاں یہ شاہراہیں اسٹریٹ کرائم میں ملوث افراد کی آماجگاہیں بن گئی ہیں اور شہری روزانہ ان شاہراہوں پر جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں لٹتے ہیں اور موبائل فون سمیت قیمتی اشیا سے محروم ہوجاتے ہیں، کراچی کے شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ ،صوبائی وزیر بلدیات اور میئرکراچی سے اپیل کی ہے کہ شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس کی درستی کا کام ہنگامی بنیادوں پر کرایا جائے اور شاہراہوں پر پولیس کے گشت میں اضافہ کیا جائے۔