وزیراعظم غزہ کیلئے اہل فلسطین کی توقع کے مطابق اقدامات کریں، سراج الحق

468
future of the youth

  لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف غزہ کو بچانے کے لیے وہ اقدامات کریں جن کی اہل فلسطین پاکستان سے توقع کررہے ہیں۔ قوم سے اپیل کی ہے کہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرے

سراج الحق کا کہنا تھا کہ غزہ دنیا کی بدترین جیل میں تبدیل ہوچکا ہے، شہر پر بارود کی آگ برس رہی ہے اور بچ جانے والے فاقوں اور بیماریوں سے مررہے ہیں۔گزشتہ پانچ ماہ میں اسرائیلی بمباری سے 32ہزار فلسطینی شہید ہوچکے، شہدا میں 11ہزار بچے شامل ہیں، 38ہزار لاپتہ اور 77ہزار زخمی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جمعة الوداع کو اہل فلسطین سے اظہاریکجہتی کے لیے ملک بھر میں یوم القدس منائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحریہ ٹائون میں چیریٹی فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور انجینئر احمد حماد اور سربراہ پروگریسو گروپ مہوین حسن بھی ان کے ہمراہ تھی۔

سراج الحق نے کہا کہ حماس کے سربراہ نے وزیراعظم پاکستان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایک ایٹمی اسلامی اور اہم ملک ہونے کے ناطے اسلام آباد غزہ میں جنگ بندی کے لیے کلیدی کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ آج عرب دنیا میں چھٹا روزہ ہے، لیکن اسرائیل مسلسل بمباری کر رہا ہے؍

ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں فلاحی تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے کیمپوں پر بھی حملے ہو رہے ہیں، اس ساری صورت حال میں 58اسلامی ممالک کے حکمران خاموش تماشا دیکھ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پوری دنیا اہل فلسطین کا درد محسوس کر رہی ہے، مگر حکمرانوں اور عالمی اسٹیبلشمنٹ نے صہیونیوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے کہ وہ فلسطینیوں کی نسل کشی کرتے رہیں۔ انھوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کی لیڈرشپ مصر میں موجود اور امدادی کارروائیوں میں شریک ہے، اہل فلسطین پاکستان کو الخدمت کے حوالے سے پہچانتے ہیں۔ جماعت اسلامی اہل فلسطین کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔

امیر جماعت نے کہا کہ اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ تمام پارٹیاں حکومت میں ہیں، عوام حکمرانوں سے توقع کررہے ہیں کہ وہ الیکشن میں لگائے گئے نعروں پر عمل درآمد کرتے ہوئے انھیں ریلیف پہنچائیں گے۔ حکمران پارٹیاں سب سے پہلے عوام کو 300یونٹ تک مفت بجلی فراہمی کا آغاز کریں۔