اسلام آباد: وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
علی امین گنڈاپور نے اسپیشل اٹارنی ہدایت اللہ کے ذریعے درخواست دائر کی ہے، جس میں وزارت داخلہ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقات درخواست گزار کا بنیادی حق ہے۔
مزید کہا گیا کہ عمران خان سے سیاسی اور قانونی امور پر مشاورت کے لیے ملاقات کی اجازت دی جائے۔