وزیراعظم سے سعودی ولی عہد کا ٹیلی فونک رابطہ: عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

354

اسلام آباد: شہباز شریف کو دوبار ہ وزیر اعظم  منتخب ہونے پر سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ٹیلی فون پر مبارکباد پیش کی ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کا ٹیلی فونک رابطہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد بھیجے گئے تہنیتی پیغام پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام سعودی فرمانروا اور ولی عہد کے لیے بے پناہ محبت اور احترام رکھتے ہیں۔ انہوں نے سعودی قیادت اور عوام کو بھی رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی مبارکباد دی اور دعا کی کہ یہ مقدس مہینہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے امن اور خوشحالی لائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی، گہرے اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل عزم اور حمایت پر سعودی عرب کی تعریف کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ان کے پرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم کے حسن سلوک پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک قریبی برادرانہ تعلقات سے لطف اندوز ہیں اور پاکستان کے لیے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کیا۔