لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت لوٹوں، نوٹوں اوربوٹوں کی مرہون منت ہے۔ جماعت اسلامی الیکشن میں متاثرہ فریق ہے،انصاف کے لیے ہردروازے پر دستک دیں گے، سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کے حقوق کے لیے چوکوں چوراہوں میں جدوجہد جاری رہے گی، ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ وہ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے ہمراہ منصورہ میں بیٹ رپورٹرز کے اعزاز میں افطار تقریب سے گفتگو کررہے تھے
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی، عوام کا حق چرایا گیا، زہریلی پولرائزیشن بڑھ گئی، اب اس کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے، ضروری ہے کہ عوام کو اس کا حق واپس دیا جائے، حکومت پہلے مرحلہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے، پولرائزیشن کا خاتمہ نہ ہوا تو رہی سہی جمہوریت بھی ختم ہوجائے گی۔ جماعت اسلامی سولین بالادستی چاہتی ہے،اس مقصد کے حصول کے لیے نظام کو ٹھیک کیا جائے۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ حکومت میں موجود پارٹیاں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں، لوگ مہنگائی سے بے حال ہیں، حکمرانوں کا ہنی مون چل رہا ہے، رمضان کے مہینے میں بسم اللہ کر کے سب سے پہلے 300یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کیا جائے۔
ان کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کے کہنے پر وزیرخزانہ کی تعیناتی ہوئی، ایک ایسے شخص کو معیشت کا انچارج بنایا گیا جو وزیر پہلے اور پاکستان کا شہری بعد میں بنا، اب عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے مزید شرائط سامنے آئیں گی، مہنگائی میں اضافہ ہوگا، عوام پر نئے ٹیکسز لگائے جائیں گے۔ 23بار آئی ایم ایف کا تجربہ ناکام ہوا، 24ویں بار کیسے کامیاب ہوگا؟ معیشت بہتر کرنی ہے تو سود اور کرپشن کا خاتمہ اور مینجمنٹ کو بہتر کرنا ہوگا، زکوٰة اور عشر کا نظام متعارف کرایا جائے۔