کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاﺅن محمد یوسف نے کہاہےکہ میونسپل کمشنر کی جانب سے عدم دلچسپی کے باعث ریکوری کے محکمے کے فرائض سے غفلت برتنے کی وجہ سے کارپوریشن کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ۔
ٹاﺅن میونسپل کارپوریشن نیو کراچی کونسل کاہنگامی اجلاس چیئرمین نیو کراچی ٹاﺅن محمد یوسف کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں ٹاﺅن میونسپل کمشنر نیو کراچی کی مختلف معاملات میں عدم توجہی،خصوصاََ مالیاتی اور ٹیکس ریکوری کے معاملات میں ناقص سپرویژن پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
محمدیوسف نے کہاکہ حال ہی میں میسرز ملٹی نیٹ پاکستان(پرائیوٹ) لمیٹیڈ نے ٹاﺅن میونسپل کارپوریشن نیو کراچی کے خمیسو گوٹھ،سیکٹرز 11/f, 6-b, 5-E, 5-G, 5-F, اور 11-Dکی حدود میں فائبر کیبل بچھانے کے لئے اجازت نامے کے اجراءکے لئے درخواست دی تھی جس کے بعد متعلقہ محکمے نے اس سلسلے میں تفصیلی سروے کے بعد روڈ کٹنگ کی پیمائش اور قانونی چارجز مبلغ ایک کروڑ ستتر لاکھ چار ہزار ایک سو اٹھائیس روپےکی منظوری بذریعہ ٹاﺅن میونسپل کمشنر نیو کراچی،چیئرمین ٹی ایم سی نیو کراچی سے حاصل کی تھی لیکن ٹاﺅن میونسپل کمشنر نیو کراچی نے مجوزہ منظوری پر عمل کرنے کے بجائے براہ راست کم و بیش انہی علاقوں میں میسرز ملٹی نیٹ پاکستان(پرائیویٹ ) لیمیٹیڈ کو پانچ پانچ لاکھ کی تین چالان جاری کئے ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ کارپوریشن کو نہ صرف بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ٹی ایم سی نیو کراچی کے منتخب نمائندے بھی اپنی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں، سازش کے تحت ٹاﺅن میونسپل کمشنرکی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ادارے کو نقصان پہچارہا ہے جبکہ ٹاﺅن کے مختلف امور جن میں ٹیکس ریکوری ،انتظامی معاملات اور گوسٹ ملازمین بھی کارپوریشن پر بھاری مالی بوجھ کا سبب بن رہے ہیں لیکن ٹاﺅن میونسپل کمشنر نے اپنے غیر قانونی احکامات کے ذریعے ٹی ایم سی نیو کراچی کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے ۔