اسلام آباد: سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پی پی کو 4، ن لیگ اور جے یو آئی کو ایک ایک نشست مل گئی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق سینیٹ کی 6 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام کو ایک ایک نشست حاصل ہوئی۔
6 خالی ہونے والی نشستوں میں اسلام آباد کی ایک، بلوچستان کی 3 اور سندھ کی ایک نشست پر انتخاب ہوا، جس میں اسلام آباد سے سینیٹ کی خالی ہونے والی نشست پر حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی سینیٹر منتخب ہو گئے۔ یہ نشست یوسف رضا گیلانی کی اپنی ہی خالی کی ہوئی تھی۔
قومی اسمبلی میں ٹوٹل 301 ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ یوسف رضا گیلانی کو 204 اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88ووٹ ملے۔
دوسری جانب سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی 2 نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 124 ووٹ ڈالے گئے، جن میں سے 123 ووٹ درست قرار پائے۔ پیپلز پارٹی کے دونوں امیدوار اسلم ابڑو اور سیف اللہ دھاریجو نے سندھ اسمبلی میں ڈالے گئے ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ سیف اللہ دھاریجو کو 58 اور اسلم ابڑو کو 57 ووٹ ملے۔
اُدھر بلوچستان اسمبلی میں 65 ارکان کے ایوان میں سے 61 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ پی پی پی کے میر عبدالقدوس بزنجو 23ووٹ، جے یوآئی کے عبدالشکور غبیزئی 16ووٹ اور ن لیگ کے میر دوستین ڈومکی 17ووٹ لیکر سینیٹر منتخب ہوگئے۔
ایم کیوایم نے ضمنی انتخاب سے لا تعلقی کا فیصلہ کیا جب کہ جماعت اسلامی نے بھی بائیکاٹ کیا۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی نشستیں 6 سینیٹرز کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئی تھیں۔ یوسف رضا گیلانی ، مولانا عبدالغفور حیدری، نثارکھوڑو ، جام مہتاب، پرنس احمدعمر اور سرفرازبگٹی نے سینیٹ کی نشست سے استعفا دیا تھا۔