پی ایس ایل 9: افتخار احمد پر میچ فیس کا 5 فی صد جرمانہ

334

کراچی: پی ایس ایل کے میچ میں افتخار احمد پر میچ فیس کا 5 فی صد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے آخری گروپ میچ میں ملتان سلطانز کے کھلاڑی افتخار احمد پر جیسن رائے کے ساتھ سخت جملوں کے تبادلے پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دے دی، مگر اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ کے دوران بلے باز جیسن رائے اور ملتان سلطانز کے فیلڈر افتخار احمد کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑے کو محمد رضوان اور دیگر نے ختم کروایا تاہم بعد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے فاسٹ بالر ڈیوڈ ولی نے بتایا کہ جیسن رائے کا میری بال پر آؤٹ ہونے کے بعد جھگڑا ہوا۔ جیسن رائے نے ری ویو لینے کے بجائے افتخار احمد کی طرف دیکھا اور سخت جملوں کا تبادلہ کیا، اتنی دیر میں ری ویو کا وقت نکل چکا تھا۔

دریں اثنا امپائرز کے مطابق افتخار احمد کو کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے، جس کی وجہ سے ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی پر افتخار احمد پر میچ فیس کا پانچ فی صد جرمانہ عائد کردیا گیا۔