وفاقی دارالحکومت میں پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی پارک بنانے کا فیصلہ

451
lithium battery

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی پارک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سی ڈی اے بورڈ کی جانب سے ملک کے سب سے بڑے آئی ٹی پارک بنانے کے لیے سیکٹر جی 10 میں 3.3 ایکڑ رقبے پر مشتمل منصوبے کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے، جس کے لیے پلاٹ بھی مختص کردیا گیا ہے۔

منصوبے کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں اس آئی ٹی پارک کے منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ آئی ٹی پارک کا مکمل کورڈ ایریا ایک لاکھ مربع فٹ پر مشتمل ہوگا، جس میں تقریباً 6 ہزار فری لانسرز کام کر سکیں گے۔

آئی ٹی پارک میں فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کے لیے ورکنگ اسپیس، سافٹوئیر ہاؤسز، لائبریری، آئی ٹی مصنوعات کی نمائش کے لیے جگہ سمیت ریسرچ سینٹرز، کانفرنسز ہالز، میٹنگ رومز کے لیے جگہ بھی مختص کی جائے گی۔

واضح رہے اسلام آباد آئی ٹی پارک بنانے کے تمام اخراجات نجی کمپنیاں برداشت کریں گی جب کہ 15سال بعد یہ پارک مکمل طور پر سی ڈی اے کے حوالے بھی ہو جائے گا۔اسی طرح اس پارک میں نجی کمپنیاں جگہ کرایے پر لے کر آئی ٹی دفاتر بنا سکیں گی، جس سے نہ صرف سی ڈی اے کی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ اسلام آباد کے شہریوں کو جدید اور معیاری آئی ٹی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔

سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کرنا کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ اسلام آباد آنے والے شہریوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جاسکیں۔