ملتان : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما مہر بانو قریشی نے زور دے کر کہا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات نہ کی تو وہ سپریم کورٹ جائیں گی ۔
ایکس (ٹوئٹر) پر پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ کے مطابق، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کی، لیکن انتخابی نتائج میں ہیرا پھیری اور دھاندلی کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کو چرایا گیا۔
ملتان میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے مہر بانو نے عہد کیا کہ ان کی پارٹی ووٹ کے تقدس کو بحال کرے گی اور انصاف دلائے گی۔خیال رہے کہ ملتان کے حلقہ این اے 151 میں پی ٹی آئی کی مہر بانو کو 71 ہزار 649 حاصل کیے تھے جب کہ پیپلز پارٹی کے سید علی موسیٰ گیلانی 79 ہزار 80 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے عدلیہ سے مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پرویز الٰہی نے بھی انہی خیالات کا اظہار کیا کہ ان کی پارٹی کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے اور پارٹی کو اس کی مخصوص نشستیں دی جانی چاہئیں۔