راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے رحیم یار خان کے قریب فیلڈ مشقوں کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے رحیم یار خان کے قریب تربیتی علاقے میں فیلڈ مشقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سپہ سالار کو مشق شمشیر صحرا کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمشیرِ صحرامشق کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے درکار پیشہ ورانہ مہارتوں اور میدان جنگ کے طریقہ کار کو بڑھانا تھا۔
آرمی چیف نے آرمر، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ائرڈیفنس، اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل سمیت مختلف عناصر کے مربوط فائر اور جنگی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ مشقوں میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا۔ ان مشقوں میں الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا۔ جو جنگ کے دوران دشمن کی مواصلاتی صلاحیتوں اور ڈس انفارمیشن مہم کو دبانے کے لیے درکار تھے۔
آرمی چیف نے مشق کے علاقے میں فوجیوں کے ساتھ پورا دن گزارا۔ مشق میں شریک فوجیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران ارمی چیف نے تربیتی معیارات، آپریشنل تیاریوں اور تمام رینک کے اعلیٰ حوصلے کی تعریف کی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔ پاکستان کی مسلح افواج، قوم کی حمایت سے، اپنے مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
قبل ازیں فیلڈ ایریا پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔