محمود اچکزئی کا صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کیلیے الیکشن کمیشن کو خط

321

اسلام آباد: محمود خان اچکزئی نے خود صدارتی امیدوار ہوتے ہوئے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سنی کونسل کی جانب سے صدر مملکت کے امیدوار محمود خان اچکزئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو خط لکھا گیا ہے، جس میں صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پشتونخوا میپ کے سربراہ محمود اچکزئی نے الیکشن کمیشن کے نام لکھے اپنے خط میں کہا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی کئی سیٹیں تاحال خالی ہیں، لہٰذا الیکٹورل کالج نامکمل ہونے کی وجہ سے صدارتی انتخاب الیکٹورل کالج مکمل ہونے تک ملتوی کردیا جائے۔

واضح رہے کہ 9 مارچ کو صدارتی انتخاب کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے سنی اتحاد کونسل نے محمود خان اچکزئی کو اپنا امیدوار جب کہ اتحادی جماعتوں کی جانب سے آصف علی زرداری کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔