پی ایس ایل: لاہور قلندرز کو میگا ایونٹ میں پہلی کامیابی مل گئی

378
decided

راولپنڈی: پی ایس ایل کے میچ میں لاہور قلندرز کو بالآخر پہلی کامیابی حاصل ہو گئی۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا 23 واں میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل تھے۔ ایونٹ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد کو شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے میچ سے قبل ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس پر لاہور قلندرز نے اپنی اننگز میں 20 اوورز میں 162 رنز بنائے اور اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کو رسی وین ڈیرڈوسن نے 64 اور شاہین شاہ آفریدی نے 30 رنز اسکور کیے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس نے 2 اور نسیم شاہ، حنین شاہ، عماد وسیم، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

بعد ازاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کا دیا گیا ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم ابتدا ہی سے ان کی بیٹنگ لائن غیر مضبوط نظر آئی اور صرف 9 رنز پر ایلکس ہیلر صفر پر گراؤنڈ سے باہر گئے، جس کے بعد 36 رنز تک ٹیم کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

بعد ازاں 38 رنز پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کرس جارڈن بھی آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے صرف 7 رنز بنائے۔ 73 کے مجموعی اسکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان بھی 29 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کے علاوہ نسیم شاہ نے 27، حنین شاہ نے 3 اور رومان رئیس نے 2 رنز بنائے۔ فہیم اشرف 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔

لاہور قلندرز کے بالر زمان خان نے 4، شاہین آفریدی نے 2، ڈیوڈ وائس، جہانداد خان اور احسن حفیظ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ کو لاہور قلندرز کے ہاتھوں 17 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں پی ایس ایل کے نویں سیزن میں اب تک آٹھ آٹھ میچز کھیل چکی ہیں، جس میں دونوں کا ایک ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔