اسلام آباد: قومی اسمبلی کی مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو الاٹ کردی گئیں، قبل ازیں الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے لیے سنی اتحاد کونسل کی درخواست کو مسترد کردیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سنی اتحاد کونسل کی قومی اسمبلی کی مخصوص نشستیں لینے کے لیے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے یہ مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو الاٹ کردی گئی ہیں۔
ای سی پی کے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں اقلیتوں کے لیے مخصوص 3 خالی نشستیں ن لیگ، پی پی اور جے یو آئی کو دے دی گئی ہیں۔
کے پی کے سے اقلیتوں کی 3 خالی نشستیں بھی ن لیگ، پی پی اور جے یو آئی کو الاٹ کردی گئی ہیں۔ اسی طرح سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستیں پی پی کی سمیتا افضل سید اور ایم کیو ایم پاکستان کی فوزیہ حمید کو الاٹ کردی گئیں۔
سندھ اسمبلی میں اقلیتوں کی مخصوص نشست پی پی کے سدھومل سریندر والاسائی کو دے دی گئی۔