الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات چیلنج کردیے گئے

296
party symbol

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو چیلنج کردیا گیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اکبر ایس بابر اور پی ٹی آئی کے 2 کارکنوں محمود خان اور محمد مزمل کی جانب سے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات چیلنج کرنے کے لیے درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

دو الگ الگ دائر کی گئی درخواستوں میں الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دیے جائیں۔

درخواست دائر کیے جانے کے بعد اکبر ایس بابر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف درخواست لے کر الیکشن کمیشن پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ یہ بات کہنی پڑ رہی ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پھر ایک نیا فراڈ کیا گیا ہے، جس کے خلاف ہم نے درخواست دائر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع تھی کہ تحریک انصاف اپنے کارکنوں کو ان کا حق دے گی، لیکن افسوس کی بات ہے کہ جو جماعت انتخابات میں دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، وہ اپنے کارکنوں کو ان کا حق تک نہیں دے رہی۔