تحریک انصاف کا مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف اتوار کو مظاہروں کا اعلان

362
immediate resignation

راولپنڈی : تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف اتوار کے روز احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دیے جانے اور یہ نشستیں پیپلز پارٹی و مسلم لیگ ن کو دینے کی خبروں کے حوالے سے اتوار کے روز الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں شیر افضل مروت، شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار، عاطف خان و دیگر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اتوار کے روز احتجاجی مظاہرے کرنے کی ہدایت کی ہے، جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص نشستیں نہ دیے جانے کے فیصلے کے خلاف احتجاج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں پی پی اور مسلم لیگ ن کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عوام نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے لیکن الکشن کمیشن یہ مینڈیٹ دوسری پارٹیوں (پی پی اور ن لیگ) کو دے رہا ہے جو کہ ہمارے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے، اس عمل کے خلاف اتوار کے روز ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔