گوادر :وزیراعظم محمد شہبازشریف حالیہ بارشوں کے نتیجے میں متاثرہ افراد سے اظہاریکجہتی کیلئے گوادر کا دورہ کیا اور حالیہ بارشوں کے متاثرین کو امدادی چیک بھی تقسیم کیے ۔
انتظامیہ کی جانب سے وزیر اعظم کا استقبال کیا گیا ،انتظامیہ کی جانب سے وزیر اعظم کو ہونے والی حالیہ بارشوں کے متعلق بریفنگ دی ، بارشوں سے ہونے والی تباہی اور امدادی سرگرمیوں کےبارے میں بھی بتایا گیا ۔
وزیر اعظم کو دی گئی بریفنگ کے مطابق گوادر میں ہونے والی حالیہ طوفانی بارشوں سے ضلعے کی دوتحصیلیں سب سےز یادہ متاثرہوئی ہیں ۔متاثرہ آٹھ یونین کونسلز میں اکتیس سوگھر مکمل یاجزوی طورپرتباہ ہوئے ۔تحصیل جیوانی میں ایک سو پچیس گھرجزوی یامکمل طورپر تباہ ہوگئے۔80 کشتیاں سمندربردہوگئیں ۔تحصیل پسنی میں پندرہ جبکہ سب تحصیل سنتصر میں دو سو ساٹھ گھر جزوی یامکمل طورتباہ ہوگئے ۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ تحصیل گوادر اورجیونی میں لائیو اسٹاک کوبھی نقصان پہنچا ۔دو سوسےز یادہ مویشی ہلاک ہوئے۔ضلع گوادر میں کل چودہ شاہراہیں طوفانی بارشوں سے متاثرہوئیں جن کی مرمت کردی گئی ہے ۔
انتظامیہ نے مزید بتایا کہ دریائےدشت میں طغیانی کےباعث ضلع کے بارہ علاقوں کارابطہ ابھی تک منقطع ہے ۔ان علاقوں کے دور دراز گاؤں میں پاکستان نیوی کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی اشیا پہنچائی جارہی ہیں ۔
وزیر اعظم نے جاری کاموں کا جائزہ لیا تو انہیں بتایا گیا کہ مختلف علاقوں میں مشینری کی مدد سے پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے ۔امدادی سرگرمیوں میں پاکستان آرمی ،نیوی ،پولیس ،لیویز اور سول ادارے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔
انتظامیہ نے مختلف جگہوں پر امدادی کیمپ قائم کئے ہیں ۔متاثرین کو خیمے ،کمبل ،پانی ،مچھردانیاں ،گیس سلنڈر اور دیگر ضروری امدادی اشیافراہم کی جارہی ہیں ۔
وزیر اعظم نے انتظامیہ کے کاموں کے سہراتے ہوئے دن رات عوام کی خدمت کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور مزید نظام میں بہتری لانے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں گوادر میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والی حالیہ بارشوں سے دو تحصیلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھیں ، جن پر ترقیاتی کام جاری ہے ۔